مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی جماعت حکمت ملی کے سربراہ سید عمار حکیم نے عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ فلسطین ایک برحق مسئلہ ہے اور وقت گزرنے سے حق ختم نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی سربلند فلسطینی قوم کی حفاظت فرمائے اور اس کے شہداء پر اپنی رحمت نازل کرے۔
دوسری جانب، اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بھی عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر اپنے بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالے تاکہ فلسطینی عوام کے خلاف جارحیت بند ہو، غزہ، مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں اس کے جرائم کا محاسبہ کیا جائے اور فلسطینی عوام کے حق آزادی و خودمختاری کی حمایت کی جائے۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ دن فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے مسلسل جرائم اور غزہ، مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں جاری نسل کشی کی یاد دہانی کا موقع ہے۔
تحریک کے مطابق، غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد شروع ہوئے 415 روز گزر چکے ہیں، تاہم اسرائیل بدستور جنگ بندی کی خلاف ورزی، قتل عام، محاصرہ، بھوک مسلط کرنے، جبری نقل مکانی اور انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران 1700 سے زائد فلسطینی شہید اور 6120 سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں بھی اسرائیلی کارروائیاں، غیر قانونی بستیوں کی تعمیر، فلسطینیوں کی بے دخلی اور مکانات کی مسماری جاری ہے۔
حماس نے عرب و اسلامی ممالک، عالمی اداروں اور دنیا بھر کے حریت پسندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کی سرگرمیاں جاری رکھیں، صیہونی جارحیت کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں اور فلسطینی عوام کے آزادی و خودمختاری کے جائز حقوق کی حمایت کریں۔
آپ کا تبصرہ